منگلورو،26؍اگست ( ایس او نیوز) منگلورو کی ایک ٹریول ایجنسی پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس کی طرف سے حج پر روانہ کرنے کے جھوٹے وعدے پر 95سے زائد افراد کو لاکھوں روپے کا دھوکہ دیا گیا ہے۔
اڈپی کے رہنے والے محی الدین باوا نامی شخص کی طرف سے پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق مشن اسٹریٹ پر واقع ایک ٹریول ایجنسی والوں کو اس نے حج کے سفر کے لئے 70ہزار روپے ادا کیے تھے اور اپنا پاسپورٹ بھی جمع کروایا تھا۔ لیکن ایجنٹ کی طرف سے سفر کی تاریخ آج اور کل پرٹلتی رہی پھر21 اگست کو اچانک اسے بتادیا گیاکہ ویزانہ ملنے کی وجہ سے امسال اس کو حج پر روانہ نہیں کیا جاسکتا۔محی الدین باوا کے بیان کے مطابق جب اس نے تحقیقات کی تو پتہ چلا ہے کہ اس کی طرح دیگر 95سے زیادہ عازمین حج نے اس ایجنسی کے ساتھ معاملہ طے کیا تھا اور ان سب کو اسی طرح دھوکہ ہوا ہے۔باوا کا الزام یہ بھی ہے کہ بعض حج کمیٹی اراکین اور سیاسی لیڈران اس ایجنٹ کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔